Aitzaz's Mobile Message. - Chief Justice Blog - Pakistan's 1st Law Blog

Trending

Post Top Ad

Post Top Ad

Thursday, February 28, 2008

Aitzaz's Mobile Message.

اعتزاز احسن کا موبائل پیغام
عباد الحق بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور

پاکستان میں وکلاء کی عدلیہ کی آزادی کے لیے جاری تحریک کو ایک سال مکمل ہونے کو ہے اور اس مدت کے دوران وکلاء کی طرف سے احتجاج کے نت نئے انداز سامنے آرہے ہیں۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نظربند صدر بیرسٹر اعتزاز احسن نے وکلاء تحریک میں خود کو سرگرم عمل رکھنے کے لیے ایک انوکھا انداز اختیار کیا ہے جس کے تحت موبائل فون پر اعتزاز احسن کا ایک ریکارڈ شدہ پیغام عام آدمی تک پہنچ رہا ہے۔
اعتزاز احسن ان وکلاء رہنماؤں میں شامل ہیں جو پاکستان میں تین نومبر کو ایمرجنسی کے نفاذ کے روز سے اب تک نظربند ہیں۔اعتزاز احسن اپنی نظر بندی کی وجہ سے وکلاء کے احتجاجی مظاہروں اور جلوس میں شامل نہیں ہوسکے۔
اعتزاز احسن کا عدلیہ کی بحالی کے حوالے سے موبائل فون پر ایک صوتی پیغام موصول ہو رہا ہے ۔موبائل فون کی گھنٹی بجنے پر دوسری جانب سے فون سننے والے کو اعتزاز کی ریکارڈ شدہ آواز سنائی دیتی ہے جس میں اعتزاز احسن کہتے ہیں ’اسلام علیکم، وکلاء اور پاکستان کے غیور عوام، میں اعتزاز احسن آپ سے مخاطب ہوں۔‘
اعتزاز احسن کے اس صوتی پیغام کا دورانیہ دو منٹ اور بیالیس سیکنڈز ہے اور اس پیغام میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نظر بند صدرگزشتہ برس شروع ہونے والی وکلاء تحریک، تین نومبر کومعزول چیف جسٹس افتخار محمد چودھری، ان کے بچوں کی گرفتاری اور نظر بندی کے علاوہ دیگر برطرف ججوں کا تذکرہ کرتے ہیں۔
صوتی پیغام میں اعتزاز احسن وکلاء کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ وکلا نے عدلیہ کی بحالی کی تحریک کی قیادت کی ہے اور بڑے بڑے نامور ہیروز پیدا کیے ہیں جن میں منیر اے ملک، علی احمد کرد اور جسٹس ریٹائرڈ طارق محمود نمایاں ترین ہیں۔
اعتزاز احسن اپنے اس ریکارڈ شدہ پیغام میں عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہتے ہیں ’ آپ کی اور ہماری تحریک اور منزل آئین اور آزاد عدلیہ کی بحالی ہے۔‘
اس پیغام کے اختتام پر اعتزاز احسن اپنی تازہ ترین نظم کو بھی ذکر کرتے ہیں جو انہوں نے اپنی نظربندی کے دوران لکھی ہے۔ اس پیغام کے آخر میں اعتزاز احسن کی تازہ نظم بھی سنی جاسکتی ہے۔
ادھر پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور کے نواحی ضلع شیخوپورہ کی بار ایسوسی ایشن کے بیس وکلاء پر مشتمل پرایک قافلہ پیدل سفر کرکے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نظر بند صدر اعتزاز کی لاہور میں واقع رہائش گاہ پر پہنچا۔
شیخوپورہ بار ایسوسی ایشن کے سیکرٹری رانا زمان خان کے بقول بیس وکلاء کا قافلہ جس میں بار ایسوسی ایشن کے تین عہدے دار بھی شامل ہیں جمعہ کی صبح دس بجے شیخوپورہ سے لاہور کے لیے روانہ ہوا تھا اور شام کے قریب لاہور پہنچا۔
پیدل سفر کرنے والے وکیل جب اعتزاز احسن کی رہائش گاہ پر پہنچے تو وہاں بیگم بشریْ اعتزاز، سپریم کورٹ بار کے نائب صدر اور لاہور ہائی کورٹ بار کے سیکرٹری رانا اسد اللہ خان نے ان کا استقبال کیا۔
شیخوپورہ بار کے وکلاء کے وفد نے اعتزاز احسن سے ملاقات نہ ہونے پر ان کی رہائش گاہ کے باہر انتظامیہ کے خلاف دھرنا دیا اور بعدازں پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔
خیال رہے کہ بدھ کو پنجاب کے وسطی ضلع حافظ آباد سے ستائتس سائیکل سوار نوجوان اعتزاز احسن کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے سائیکلوں پر سفر کرکے ان کی اقامت گاہ پر پہنچے تھے۔

link: http://www.bbc.co.uk/urdu/pakistan/story/2008/02/080229_aitzaz_mobile_as.shtml

No comments:

Post a Comment

Post Top Ad